نئی دہلی، 9؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے پاکستان میں پیدا ہوئے متنازع مصنف طارق فتح کو نشانہ بنانے کی سازش رچنے کے الزام میں گینگسٹر چھوٹا شکیل کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔پولیس ڈپٹی کمشنر(اسپیشل سیل)پی ایس کشواہا نے بتایا کہ جنید چودھری کو 7 اور 8 ؍جون کی درمیانی شب کو شمال مشرقی دہلی کے وزیرآباد سڑک سے گرفتار کیا گیا۔حالانکہ ڈپٹی کمشنر نے اس سازش کے بارے میں معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ وہیں نام ظاہر نہ کرنے کے شرط پر ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ چودھری متنازعہ مصنف طارق فتح کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔فتح اپنے متنازعہ بیانات کے لیے مشہور ہیں۔حالانکہ فتح دہلی میں نہیں تھے ،لیکن شکیل کا ساتھی یہاں ریکی کرنے کے لیے آیا تھا۔چودھری کو گزشتہ سال چھوٹا شکیل کی طرف سے بھیجے گئے حوالہ کے پیسے اور ہتھیار کے ساتھ تین دیگر لوگوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا لیکن چار ماہ بعد ہی وہ ضمانت پر چھوٹ گیاتھا ۔یہ لوگ اس وقت ہندو سبھا کے چیف سوامی چکرپانی کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔چودھری نے پھر سے شکیل سے رابطہ کیا لیکن بعد میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد اس کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا، بعد میں وہ دوبارہ ضمانت پر رہا ہوا اور ایک بار پھر شکیل کے رابطے میں آیا۔چودھری نے بعد میں دہلی میں گینگیسٹر کی سرگرمیاں شروع کر دی، فی الحال ابھی تک اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔